کراچی: مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کے سبب ملک اندھیرے میں ڈوب گیا جس کے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی بحالی شروع ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رات بارہ بجے کے قریب ملک کے مختلف شہروں میں بیک وقت بجلی کی فراہمی بند ہوگئی اور ملک کا 70 فیصد اندھیرے میں ڈوب گیا ۔
ترجمان توانائی ڈویژن نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کےمطابق گِدو میں 11 بج کر 41 منٹ پر فالٹ پیدا ہوا۔ فالٹ نے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی اور جس کی وجہ سے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوینسی 50 سے صفر پر آگئی اور ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے۔فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے۔ اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا
ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں 500 کے وی کی لائن منقطع ہونے کے باعث ملک کے 70 فی صد حصے میں بجلی بند ہوگئی ہے تاہم ابھی تک اس مقام کی نشاندہی نہیں کی جاسکی ہے جہاں سے نیشنل گرڈ سے آنے والی بڑی لائن متاثر ہوئی ہے۔
نمائندہ ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر بریک ڈاؤن کا کوئی واضح سبب نہیں بتایا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق 500 کے وی کی لائنمیں خرابی کے ملک کے زیادہ تر اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
مرحلہ وار بجلی کی بحالی شروع
پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے، تربیلا پاور ہاؤس کے تین یونٹس، وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس، این ٹی ڈی سی کے شاہی باغ گرڈ اور بحریہ ٹاون، سنگجانی اور مردان گرڈ میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔
اسی طرح اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کے زیرو پوائنٹ گرڈ کے 25 فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی، این ٹی ڈی سی کے روات گرڈ پر بجلی بحال کردی گئی۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی فریکونسی جوں ہی مل جائے تو بحالی کا بقیہ کام تیزی سے شروع ہوجاتا ہے، ترسیلی نظام میں بجلی کی فریکوینسی ملائی جا رہی ہے اور ترتیب وار بجلی بحالی کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔
آئیسکو نے کہا ہے کہ سسٹم کو لوڈ سے بچانے کے لیے بحالی مرحلہ وار کی جائے گی، ابتدائی طور پر چکلالہ کینٹ ڈی ایچ اے KTM کمال آباد، زیرو پوائنٹ گنگال G13 گرڈ اسٹیشن سے منسلک فیڈرز پر بجلی بحال ک ردی گئی۔