وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہنا ہے کہ اگر پاکستان میں کوئی بھی شخص مجھ پر کرپشن ثابت کردے تو مجھے گولیاں مار دی جائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویزخٹک نے کہا ہے کہ پشاور بی آر ٹی پروجکٹ کے حوالے سے مجھ پر بہت تنقید ہوتی رہی، بی آر ٹی کا پنجاب کی میٹرو سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ بی آر ٹی بین الاقوامی معیار کی بس سروس ہے، بی آر ٹی میں فیڈر روٹس بھی بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس کی تکمیل کی مدت اور لاگت میں اضافہ ہوا، بی آر ٹی منصوبے کی کامیابی سے اپوزیشن کے منہ بند کر دئے ہیں۔
پرویز خٹک نے مذید کہا کہ میں اپنے اوپر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان میں کوئی بھی مجھ پر کرپشن ثابت کردے تو مجھے گولیاں مار دیں، پرویزخٹک کے گھر حرام کا پیسہ نہیں جاتا، مجھ پر الزامات لگانے والے خود کرپشن میں ملوث ہیں، پی ڈی ایم کی شکل میں تمام چور اکھٹے ہوگئے ہیں اور یہ سب اکھٹے ہی مریں گے، سینٹ الیکشن میں ہمارے نمبر گیمز مکمل ہیں، ہم نہ کبھی پی ڈی ایم کے پاس گئے اور نہ جائیں گے، عمران خان نے چوروں کو احتساب کے دائرے میں لانے کی بات کی ہے اور ان کا احتساب ہو کر ہی رہے گا۔